بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے نے شہر میں جابجا کچرا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے لئے پولیس کی مدد سے کچرا پھینکنے والوں کے خلاف مہم چلائی جائے گی۔ یہ بات آج شہر کی میئر گنگامیبکے ملیکارجن نے بی بی ا یم پی کونسل میٹنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہاکہ شہر کو پاک وصاف رکھنے اور ترقیاتی منصوبوں کی طرف توجہ دینے کے مقصد سے شہر میں گندگی کی نکاسی کے نظام کو آنے والے دنوں میں غیر معمولی طور پر مضبوط کیا جائے گا۔ اس کو انجام تک پہنچانے شہری اور منتخب نمائندوں سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ سبھی وارڈوں میں اگر ترقیاتی کاموں کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے تو گندگی کے نکاسی کے نظام کو سلجھانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ وارڈوں سے اگر کچرا صاف ہوجائے تو ترقیاتی کاموں کو بھی تیزی سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں سڑکوں پر جابجا کچرا پھینکنے والوں پر نظر رکھنے کے لئے بی بی ایم پی کی طر ف سے اپنے طور پر مسلسل نگرانی کے ساتھ پولیس کی مدد سے ان عناصر پر نظر رکھی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر غیر ذمہ داری سے کچرا پھینکنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔ شہر کی صفائی برقرار رکھنے کے لئے میئر نے اس طرح کے اقدام کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ اس بات سے انکار نہیں کہ بی بی ایم پی میں افسروں اور عملے کی کمی ہے، اور موجودہ عملے پر کام کا بہت زیادہ دباؤ ہے، آنے والے دنوں میں بی بی ایم پی کی مخلوعہ اسامیوں کو پر کرنے کی طرف مکمل توجہ دی جائے گی تاکہ کام کا جو بوجھ ہے اسے تقسیم کیاجاسکے۔ شہر میں آئے دن بارش کے سبب سڑکیں خراب ہوجانے اور ان کی مرمت بروقت نہ ہونے پر بی بی ایم پی کو بارہا ہائی کورٹ کی طرف سے کی جانے والی سرزنش کا حوالہ دیتے ہوئے میئر نے کہاکہ جنگی پیمانے پر سڑکوں کی مرمت کاکام آگے بڑھایا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں شہر کی سڑکوں کو گڈھوں سے پاک رکھا جائے گا۔